|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2017

کوئٹہ: مستونگ میں بھتہ نہ دینے پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کرنیوالے ملزم کو لیویز نے گرفتار کرلیا۔ لیویز حکام کے مطابق گزشتہ روز لیویز تھانہ ولی خان کی حود میں ایک نامعلوم شخص نے بھتہ نہ دینے پر نصیب اللہ ولد شفیع محمد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر مستونگ صلاح الدین نورزئی نے اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اور لیویز انتظامیہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ زخمی شخص سے حاصل کی گئی معلومات اور اشتہاری ملزمان کے ریکارڈ سے مدد لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مستونگ ممتاز کھیتران کی سربراہی میں لیویز نے رات بھر مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔

اس دوران خفیہ اطلاع ملنے پر ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں ایک کامیاب کارروائی کی گئی اور ملزم عبدالوحید ولد فاضل سرپرہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیویز کے مطابق ملزم سے واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔