|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اورارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 15ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام اورمیڈیکل سٹورز مالکان کے قابل /ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا ۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو حکم دیاہے کہ وہ ادویہ ساز کمپنی میسن نیچرل اینڈ ہومیو لیبارٹریز کالائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ،محکمہ صحت کی جانب سے مقدمات کی پیروی سید اعجاز الدین آغا نے کی۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ نے میسن نیچر ل اینڈ ہومیو لیبارٹریز لاہور پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنر محمد انور کے عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریہ مراسلہ حکم دیا گیا کہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

دوسری جانب عدالت نے انکاز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کیس میں نامزد ملزم بر ضمانت علی عباس اور ملزم اکبر علی کے بھی عدالت نے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت جبکہ کیس میں نامزد خاتون رخسانہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔

ٹامن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کی سماعت ہوئی جس میں اسسٹنٹ منیجر ایڈمنسٹریشن کبیر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت کے جج نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔

اس کے علاوہ رین نیوٹروفارماسیوٹیکل کمپنی کے کیس میں فرحان خان ،سیف الرحمن اور احمد رضا کے ناقابل ضمانت جبکہ نگہت حافظ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔

اس کے علاوہ مائی ہیلتھ فارماسیوٹیکل کمپنی لاہور کے چیف ایگزیکٹو خالد محمود ،سروفارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد کے ڈاکٹر انور خان اور ڈرگ فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کے طاہر نواز اور عبدالجبار کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ نیو کمپلیکس کلینک اینڈ میڈیکل کے عبدالوہاب ،ہمدرد ہسپتال فارمیسی کے شمس اللہ ،عرفان میڈیکل سٹور کے محمد عرفان ،بلال میڈیکل سٹور کے حزب اللہ ،صادق میڈیکل سٹور کے محمد صادق ،صالح میڈیکل سٹور کے عبدالحنان ،رضوان میڈیکل سٹور کے کلیم اللہ اور عمران میڈیکل سٹور کے محمد عمران کے بھی عدم پیشی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔