کوئٹہ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی جاری ہے یہ کارروائی مقامی انتظامیہ عدالت عالیہ کے احکامات کے بعد کررہی ہے ۔ شہر کے تجارتی مراکز میں تقریباً تمام تجاوزات یا زیادہ تر تجاوزات ہٹا دئیے گئے ہیں۔
پیدل چلنے والوں کے لئے مناسب راستہ بنا دیا گیا ہے ، دکانوں کے سامنے سے ناجائز قبضہ ہٹا دیا گیا ہے ، سڑکیں کشادہ ہوگئیں ہیں، ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی ہے جب تک کہ یہ تجاوزات دوبارہ نہیں بنائے جاتے ۔
اب شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے امید ہے کہ وہاں سے بھی ناجائز تجاوزات کو ہٹا دیا جائے گا۔ لیکن گاڑیوں کے شو رومزکے باہر ابھی تک گاڑیاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر بڑی تعداد میں کھڑی ہیں ۔
ان میں زیادہ تر اسمگل شدہ کا بلی گاڑیاں ہیں یہ تمام غیر قانونی گاڑیاں دیدہ دلیری کے ساتھ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر موجود ہیں بلکہ ان کی منڈی سڑکوں او رفٹ پاتھوں پر لگادی گئی ہے جس سے شہر کے اندر آمدو رفت میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔
عدالت عالیہ اس مقدمہ کا بھی فیصلہ کرے تاکہ کابلی گاڑیوں کو شہر سے دور لے جایا جائے ۔ اول تو حق یہ بنتا ہے کہ ان تمام گاڑیوں کو جو اسمگل کرکے لائی گئیں ہیں۔
ضبط کیاجائے ان کو فروخت کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور نہ ہی ان کے لئے تیسری ریلیف اسکیم بنائی جائے، اگر فوری طورپر یہ ممکن نہیں تو ان کو کم از کم شہر سے باہر نکالاجائے ۔