|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2017

کو ئٹہ : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما ؤں پر خودکش حملوں میں وہ قوتیں ملوث ہیں جو اپنے مذموم مقاصد کی راہ میں پارٹی کو رکاوٹ سمجھتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے پیمز ہسپتال میں آنے والے سیاسی رہنماؤں اور پارٹی کے وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک وہ اس حملے کے لئے منصوبہ بندی کرنے والی قوتوں کی مدد کرنے کا الزام افغانستان نہ ہی ایران پر لگانا چاہیں گے ۔


تاہم، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’بھارت روز اول سے ہی پاکستان کے خلاف سازش اور اس ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے اْنھوں نے کہا کہ ’’بھارت، جس نے پاکستان کی آزادی کو آج تک تسلیم نہیں کیا ۔

اْس کی مسلسل ریشہ دوانیوں سے پاکستان عدم استحکام کا شکار رہا۔ لیکن، بھارت کو میں باور کرانا چاہتا ہوں کہ پاکستان اب ایک ایٹمی قوت ہے۔ پاکستان کے پاس ایٹمی ہتھیاروں سے لیس فوج ہے۔ پاکستان اب کوئی تر نوالہ نہیں کہ کوئی اْسے ہضم کرے۔

انڈین ایجنٹ پکڑے گئے۔ انہوں نے کہاں پناہ لی تھی کہاں سے وہ پیسے بھیجتا تھا اور یہاں کاروائیاں ہوتی تھی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ ہمسایوں کی طرح سلوک کرتا ہے۔

لیکن، وہ بھارت کا آلہ کار بن کر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے بھارت اور افغانستان پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اس کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔