تہران: ایرانی عوام نے دنیاکے ساتھ روابط رکھنے اورشدت پسندی کو مستردکرنے کی راہ کا انتخاب کیا ہے ،یہ بات صدرحسن روحانی نے گزشتہ روزانتخابات میں زبردست کامیابی کے بعدکہی ہے ۔
انہوں نے سرکاری ٹیلی ویژن پراپنے خطاب میں کہاکہ ہمارے عوام کاپیغام بہت واضح اندازمیں سامنے آیاہے ،ایرانی عوام نے دنیاکے ساتھ روابط رکھنے اورشدت پسندی سے دوررہنے کی راہ چنی ہے ۔روحانی نے انتخابات میں57فیصدووٹ حاصل کئے ،اسی طرح انہوں نے سخت گیرمذہبی رہنماابراہیم رئیسی کے حاصل کردہ 38.3فیصدکے مقابلے میں زبردست فتح حاصل کی ہے ۔
ایرانی عوام باقی دنیاکے ساتھ امن اوردوستی کے ساتھ زندگی گزارناچاہتے ہیں لیکن وہ کسی بھی قسم کی دھمکی یازلت کوبرداشت نہیں کرتے ،یہ بات روحانی نے بتائی۔انہوں نے کھلم کھلاطورپراپنے علاقائی حریف سعودی عرب پروارکئے جوکہ اس وقت امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کی میزبانی کررہاہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے عوام نے پڑوسی ممالک اورپورے خطے پرواضح کیاہے کہ سلامتی یقینی بنانے کی راہ جمہوریت کی مددہے اورغیرملکی طاقتوں پرانحصارنہ کرناہے،اپنی کامیابی کے اعلان کے بعد روحانی نے پاسداران انقلاب کوخطے میں امن واستحکام کا ضامن قراردیدیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے صدارتی انتخابات میں دوسری بار ملک کے صدر منتخب ہونے والے حسن روحانی نے سرکاری ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج، پاسداران انقلاب، باسیج فورس اور دیگر سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے۔
ہم پاسداران انقلاب کو خطے میں امن وامان، استحکام اور ایران قوم کی فلاح بہبود کا ضامن ادارہ تسلیم کرتے نو منتخب صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ موجودہ صدارتی انتخابات نے ملک کو جمود اور شکوک سے نکال کرمسلسل ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے پاسداران انقلاب کی تعریف وتوصیف ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب ایرانی رجیم اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کے فروغ اور عرب ملکوں میں مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے۔
بائیس اپریل کو ایرانی فوج کے ایک سینیر عہدیدار جنرل حسن سلامی نے کہا تھا کہ ان کا ملک اپنی سرحدوں سے باہر لڑنے والی اسلامی مزاحمتی گروپوں کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بیان پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کی تجویز اور مطالبات کے جواب میں دیا۔رواں سال صدر حسن روحانی نے پاسدارانقلاب کے بجٹ میں 24 فی صد اضافہ کرتے ہوئے دفاعی بجٹ 14 ارب ڈالر تک پہنچا دیا۔ یوں ملک کے کل بجٹ کا 53 فی صد بجٹ صرف پاسداران انقلاب کے لیے ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند صدر حسن روحانی دوسری بار ملک کے صدر منتخب ہوئے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 23 ملین، 5 لاکھ 49ہزار 616 ووٹ لیے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 57 فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ایرانی وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخابات میں ٹرن آٹ 70 فی صدرہا، مجموعی طور پر 41 ملین افراد نے پولنگ میں حصہ لیا۔ سرکاری طور پر ایران میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1 کروڑ، 12 لاکھ، 20 ہزار 131 بتائی جاتی ہے۔ سپریم لیڈر کے مقرب ابراہیم رئیسی دوسرے نمبر پر رہے۔شکست خوردہ امیدواروں میں مصطفی میر سلیم نے چار لاکھ 47 ہزار 215 اور مصطفی ھاشمی طبا 2 لاکھ 15 ہزار 450 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
ہمسایوں کی طرح اپنی سلامتی کیلئے مغربی طاقتوں پر انحصار نہیں کرتے،ایرانی صدر
وقتِ اشاعت : May 22 – 2017