کراچی: وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ میرے ماتحت ہیں جب چاہے انہیں بلالوں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل انور سیال نے کہا کہ 20 یا 21 گریڈ کا مسئلہ نہیں، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، موجودہ آئی جی کے آنے سے پہلے سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر تھی۔
آئی جی سندھ میرے ماتحت ہیں انہیں جب چاہے بلالوں گا، آئی جی سندھ کو باہر جانا تھا تو انہوں نے اجازت سیکرٹری داخلہ سے لی۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس ، رینجرز اور سندھ حکومت مل کر کام کررہی ہے، سندھ حکومت امن و امن برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور ضرب عضب کی طرح رد الفساد کو بھی کامیاب کریں گے۔
بلاول بھٹو اور پارٹی قیادت نے واضح کہہ دیاہے کہ بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ایپکس کمیٹی اجلاس میں بھی واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، اب میں 20 گریڈ کے افسران کی وضاحت نہیں دے سکتا۔