|

وقتِ اشاعت :   May 27 – 2017

کو ئٹہ :  بلوچستان کے ضلع گوادر کے شہر اورماڑہ میں میونسپل کمیٹی نے حجاموں کو داڑھیوں کے ڈیزائن نہ بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ داڑھی میں اسلامی کٹ بنایا جائے اورماڑہ بلوچستان کا ساحلی شہر ہے، جس کے آس پاس نیول بیس اور کیڈٹ کالج بھی واقع ہیں۔

یہ شہر اورماڑہ کینٹ اور سول آبادی کی میونسپل کمیٹی پر مشتمل ہے جس کی سویلین آبادی 35 ہزار کے قریب بتائی جاتی ہے۔میونسپل اوڑماڑہ کے چیئرمین عامر اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ ماہِ رمضان میں شہر میں اشیائے خورد و نوش کے نرخ کے تعین کے لیے اجلاس ہوا جس میں دکانداروں کے علاوہ حجام بھی شریک تھے۔

اس اجلاس میں حجاموں کو ہدایت کی گئی کہ داڑھی کی توہین نہ کی جائے۔جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے رکن مولوی محمد امین کی نشاندہی پر یہ ہدایت جاری کی گئی۔مولوی محمد امین نے بتایا کہ ا نہوں نے حجاموں کو ہدایت کی ہے کہ جو شخص داڑھی رکھنا چاہے وہ رکھے اور جو شیو کرنا چاہے وہ کرے لیکن داڑھی کے ڈیزائن نہ بنائے جائیں۔

کچھ لڑکے فیشن کے طور پر چہرے پر سانپ کی طرح لکیریں اور نقشے بناتے ہیں، جو درست نہیں ہے۔ ہم نے حجاموں کو کہا ہے کہ یہ فیشن وغیرہ نہ کرو، جو داڑھی نہیں رکھتا تو نہ رکھے لیکن توہین تو نہ کرے۔

مولوی محمد امین نے بتایا کہ عام لوگوں نے ان سے شکایت کی تھی جس کی بنیاد پر انھوں نے حجاموں کو یہ ہدایت کی ہے، اب اس پر وہ زبردستی عمل درآمد نہیں کرا سکتے کیونکہ ان کے پاس قانونی اختیارات نہیں اس لیے انھوں نے زبانی ہدایت جاری کی ہیں۔