|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے جیل روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس ڈی ایس پی جاں بحق اور ان کے سب انسپکٹر بھتیجے کو شدید زخمی کردیا۔ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سول ہسپتال کے ڈاکٹر نقیب اچکزئی کی غفلت کے باعث زخمی ڈی ایس پی کو بروقت مناسب طبی امداد نہ ملنے پر سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا تاہم وقت ضائع ہونے کی وجہ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ افطار کے بعد تقریباً سات بجکر پینتالیس منٹ پر کوئٹہ کے علاقے ہدہ میں جیل روڈ پر جامع مسجد کے باہر اس وقت پیش آیا جب ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر الرحمان اپنے بھتیجے سب انسپکٹر بلال شمس کے ہمراہ نماز پڑھنے مسجد آرہے تھے۔ پہلے سے تھاک میں کھڑے موٹر سائیکل سوار نقاب پوش افراد نے چچا اور بھتیجے کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

گولیاں لگنے سے دونوں شدید زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ مسجد میں موجود ایک نمازی دانیال بٹ نے بتایا کہ مسجد میں مغرب کی نماز کی تیسری رکعت ادا کی جارہی تھی اس دوران شدید فائرنگ کی آواز سنائی دی ۔ باہر نکلے تو ڈی ایس پی اور ان کے بھتیجے شدید زخمی حالت میں پڑے تھے۔ اہل علاقہ نے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر پہنچایا ۔

ڈاکٹر کے مطابق سر پر گولی لگنے سے عمر الرحمان کی حالت تشویشناک تھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق سول ہسپتال میں سرجن ڈاکٹر نقیب اچکزئی کی غفلت کی وجہ سے زخمیوں کو فوری طور پر مناسب طبی امداد نہیں ملی جس کی وجہ سے ڈی ایس پی عمر رحمان چل بسے جبکہ بلال شمس کو پاؤں پر گولیاں لگی ہیں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ آفیسران ، زخمی پولیس آفیسران کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔ ڈی ایس پی عمر الرحمان کوئٹہ پولیس کے شہید ڈی ایس پی شمس الرحمان کے بھائی جبکہ زخمی بلال شمس ان کا بیٹا ہے ۔ ڈی ایس پی شمس الرحمان8اگست2013ء کوکوئٹہ کے پولیس لائن بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی کوئٹہ میں ماہ رمضان میں کئی پولیس اہلکاروں کی مسجد کے اندر اور باہر ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔تازہ واقعہ کے بعد پولیس کے تمام آفیسران اور ملازمین کو سیکورٹی سے متعلق غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ دریں اثناء کوئٹہ سے لاش برآمد، جھل مگسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، سوئی میں بارودی سرنگ کادھماکہ، حب میں بم کو ناکارہ بنادیاگیا ، اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کسٹم کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے شناخت کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیاگیامزید کارروائی کی جارہی ہے ،ادھر سوئی کے علاقے میں ایک شخص دو شین بگٹی اپنی ٹریکٹر ٹرالی پر لکڑیاں لینے جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افرادکی جانب سے زیر زمین چھپائی گئی بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرانے سے وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی ۔

جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی کو شدید نقصان پہنچا تا ہم ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گیرے میں لے کر کا رروائی شروع کر دیا ،جھل مگسی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص زبیر احمد کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے مقامی انتظامیہ نے لاش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا لاش ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی مزید کا رروائی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔

بلوچستان کے ضلع کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں اور حب میں لیویز فورس اور حساس ادارے نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناکر بھاری مقدار میں اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑلی۔لیویز کے مطابق کوہلو کے پہاڑی علاقے پرائی میں لیویز فورس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کالعدم تنظیم کی جانب سے ایک غار میں چھپایا گیا اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا۔

برآمد ہونیوالے اسلحہ میں تین راکٹ گولے ، نو راکٹ فیوز ، دو بارودی سرنگیں اور بم بنانے والے آلات کے علاوہ بیس کلو گرام سے زائد بارودی مواد بھی شامل ہیں۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم یہ اسلحہ دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے استعمال کرنا چاہتی تھی۔ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں بھی لیویز اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی ۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے مطابق کارروائی کے دوران پندرہ سے بیس کلو دھماکا خیز مواد، بیس بیس کلو وزنی دو ٹینک شکن بارودی سرنگیں ، دو راکٹ فیوز برآمد کئے گئے،حب پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر بروقت کا رروائی کر تے ہوئے نامعلوم دہشتگردی کی جانب سے تخریب کاری کے لئے سڑک کے کنارے نصب کیا گیا دیسی ساختہ بم برآمد کر کے ناکارہ بنا کر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا مزید کا رروائی حب پولیس کر رہی ہے۔