کو ئٹہ : بلوچستان کے کمشنر شماریات پسند خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طول وعرض میں خانہ ومردم شماری کا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو چکا ہے بلوچستان بھر سے تمام ریکارڈصوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اکٹھا کر کے پاک فوج کی نگرانی میں ادارہ شماریات پاکستان اسلام آبا روانہ کیا جا رہا ہے جس کا مجموعی طو رپر جولائی کے اختتام پر اعداد وشمار کا اعلان کر دیا جائیگا ،مکمل تفصیلی اعلان میں 6 ماہ کا عرصہ لگے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان بھرمیں خانہ ومردم شماری کے عمل میں صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ ، پاک فوج ، فرنٹیئر کور ، پولیس ، لیویز سمیت تمام اداروں نے بہتر طور پر کردار اداکر تے ہوئے بھر پور تعاون کیا جس کی وجہ سے بلوچستان کے32 اضلاع انتظامی جبکہ 4 کنٹونمنٹ کے علاقوں میں خانہ ومردم شماری کا عمل مکمل کیا گیا ہے ۔
اس عمل کے لئے صوبہ بھر میں 10 ہزار104 بلاک جبکہ 784 سرکل اور 285 چارج تشکیل دیئے گئے ہیں ان تمام امور کی انجام دہی کے لئے6953 افراد حصہ لے رہے تھے اس کے علاوہ پاک فوج، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کے جوان بھی اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہے تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان جو کہ پاکستان کے رقبے کے اعتبار سے44 فیصدرقبے پر محیط ہے جہاں پر آبادی منتشر ہے کمیونیکشن کا وہ نظام بلوچستان میں موجود نہیں جو پاکستان کے دیگر صوبوں میں ہے صوبے میں پسماندگی ، ٹرانسپوٹیشن کے علاوہ لو گوں میں تعلیمی شعور کی کمی سمیت دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ15 مارچ سے لے کر 25 مئی تک خانہ ومردم شماری کے تمام مراحل بلوچستان کے36 اضلاع میں احسن طریقے سے مکمل کئے گئے ہیں جس میں لو گوں اور اداروں نے بھر پور تعاون کیا ہے اس عمل کے دوران ہمارے12 عملے کے لو گوں کو اغواء جبکہ3 کو تربت کے علاقے میں شہید کیا گیا جن میں 9 تربت اور3 آواران سے اغواء ہوئے تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس خانہ مردم شماری کے دوران فرائض کی انجام دہی کے موقع پر فرنٹیئر کور کے جوان بھی شہید ہوئے لیکن ہماری کوشش یہی رہے کہ مردم شماری کا عمل متاثر اور ڈی ریل نہ ہو اور اس میں لو گوں کے تحفظات اور خدشات کو دور کر نے کے لئے ان سے مکمل رابطے میں رہتے ہوئے تعاون کیا ہے اس لئے مردم شماری کا عمل صاف وشفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے ۔
بلوچستان ،مردم شماری و خانہ شماری مکمل تمام ریکارڈ اسلام آباد بھیجا جائیگا ،کمشنر شماریات
وقتِ اشاعت : May 31 – 2017