|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،زائد المعیاد ،غیر رجسٹرڈ اور بلالائسنس کے ادویات کی خرید وفروخت کی مقدمات میں نامزد 2ادویہ ساز کمپنیوں سمیت 6میڈیکل سٹور مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ۔

حکم دیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد ،میڈی میکرز پرائیویٹ لمیٹڈ حیدر آباد کالائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ،گزشتہ روز میڈی میکرز پرائیویٹ لمیٹڈ کیس میں کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر شکور ،پروڈکشن انچارج محمدعلی شیخ اور کوالٹی کنٹرول انچارج منصب قریشی ایک مرتبہ پھر سماعت کے موقع پر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے ۔

وہ مذکورہ کمپنی کالائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ،اس کے علاوہ عدالت نے ادویہ ساز کمپنی راسکوہ فارما لاہور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد رشید سجاد کے بھی پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔

ادویہ ساز کمپنیوں کے علاوہ ڈرگ کورٹ نے آریانا میڈیکل سٹور کے ولی خان ،ہمنوا میڈیکل سٹور کے محبوب شاہ ،الہدیٰ میڈیکل سٹور کے محمد طاہر ،پنجاب میڈیکل سٹور رکھنی کے محمد حفیظ کھوسہ اور گلزار حمید کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے جبکہ نیو کراچی میڈیکل سٹور کے مقدمہ میں تفتیشی آفیسر شیر محمد کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ۔