|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے پولیس ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ کوئٹہ پولیس کے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر الرحمان اور ان کے بھتیجے سب انسپکٹر بلال شمس کو پیر کو افطار کے وقت کوئٹہ کے علاقے جیل روڈ پر مسجد کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔

زخمیوں کو سول اسپتال اور پھر سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں زخمی عمر الرحمان دم توڑ گئے۔ انکی نماز جنازہ منگل کی صبح کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ زہری میدان میں ادا کی گئی جس میں آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ شہید کے قریبی رشتہ داروں ،علاقہ مکینوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس سے قبل ڈی ایس پی عمرا لرحمان کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہیدعمر الرحمان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ ادھر فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ زخمی پولیس آفیسر بلال شمس کی مدعیت میں پولیس تھانہ صدر میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ یاد رہے کہ ڈی ایس پی عمر الرحمان کے بھائی ڈی ایس پی شمس الرحمان بھی 2013ء میں ایک بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔