|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

 اسلام آباد: تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے گاڑی کو ٹکر مارنے پر گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا کو کھری کھری سنا دیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر اس وقت کشیدہ صورت حال پیدا ہوگئی جب درجنوں کیمروں کے سامنے شیریں مزاری جارحانہ انداز میں گورنر خیبر پختون خوا ظفر اقبال جھگڑا کی جانب بڑھیں اور انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

شیریں مزاری نے ظفر اقبال جھگڑا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پروٹوکول گاڑی میری گاڑی کو ٹکر مار کر بھاگ گئی اور اس پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔ اپنے لوگوں کو تمیز سکھائیں۔ یہ بہت غلط بات اور بدتمیزی ہے۔ آپ کی گاڑیاں لوگوں کو ٹکر مار رہی ہیں۔ گورنر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کو بھی مار دیں۔

پہلے تو ظفر اقبال جھگڑا سٹپٹا گئے۔ پھر انہوں نے معذرت خواہانہ انداز میں وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن شیریں مزاری اتنے غصے میں تھیں کہ انہوں نے گورنر کی ایک نہ سنی اور انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیتی رہیں۔ لیکن پھر وہ تھوڑے سنبھلے اور بولے اونچی آواز میں بات نہ کریں۔ چیخنے کی ضرورت نہیں۔ آپ خود کو دیکھیں کس طرح بات کررہی ہیں۔ تاہم شیریں اپنی سنا کر چلتی بنیں۔