|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2017

گڈانی : گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر50کے اسٹور کی بلڈنگ کا ایک حصہ گرنے سے 14محنت کش زخمی ،بروقت ریسکیو آپریشن سے مزدوروں کو طبی امداد دیکر انکی جانیں بچائی گئیں ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا سانحے کے فوری بعد RHC گڈانی کے ڈاکٹر کو فون، زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گڈا نی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 50پر کام کرنے والے محنت کشوں کو انکی اجرت ادائیگی کے سلسلے میں پلاٹ بابو سعید امین کی جانب سے حاضری کا عمل جاری تھا کہ اس دوران بلڈنگ کا ایک حصہ گرنے سے پلاٹ بابو سعید امین سمیت 14مزدور زخمی ہوگئے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڈانی شپ بریکنگ لیبر یونین کے نمائندے بابو کریم جان ، قریبی پلاٹس کے منیجر قاری فضل سواتی ، شیر خان نے جائے وقوعہ پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا ، گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں شپ بریکرز کی جانب سے فراہم کی گئی ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو آرایچ سی گڈانی لیجایا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر ارشاد اور ڈاکٹر یونس کی جانب سے فوری طبی امداد کے بعد زخمیوں کو ایکسرے اور مزید طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کراچی ریفر کردیا گیا ۔

آر ایچ سی گڈانی کے انچارج ڈاکٹر یونس بلوچ نے بتایا کہ صرف ایک مزدور کی ٹانگ ٹوٹی ہے دیگر مزدوروں کو معمولی فریکچر آیا ہے ایکسرے کے بعد مزید رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا جائیگا ا نھوں نے بتایا کہ وقوعہ کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مجیب الرحمان قمبرانی کے ہدایات کی روشنی میں زخمیوں کو ہرممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا گیا ہے کسی مزدور کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔

گڈانی شپ بریکنگ لیبر یونین کے جنرل سیکریٹری بابو کریم جان نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر47-50 پر محنت کشوں کے لئے لیبر روم اور دفاتر قائم کرنے کیلئے این او سی اجراء میں گڈانی کے وڈیروں کی جانب سے رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ۔

تحصیلدار گڈانی سمیت ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور چیف سیکریٹری بلوچستان کے نوٹس میں کئی مرتبہ یہ معاملات لائے گئے ہیں لیکن حکومتی سطح پر کسی قسم کا کوئی ایکشن نہ لینے کی وجہ سے آج کا یہ واقعہ رونما ہواہے آج کے واقعے کی ایف آئی آر گڈانی کے وڈیروں کے خلاف درج ہونی چاہیے جو اپنی ذاتی مفاد کے لئے گڈانی کے محنت کشوں کی ویلفئیر کے کاموں میں رخنہ ڈال رہے ہیں انھوں نے کہا کہ ہم اب مزید ظلم برداشت نہیں کرینگے ،ہم انصا ف کیلئے عدلیہ سمیت ہرفورم پر جائینگے۔