کوئٹہ : بلوچستان کے وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے بلوچستان سے گزرنے والے سی پیک منصوبے کے روٹ پر 9ٹراما سینٹرقائم کئے جارہے ہیں ۔بلوچستان میں عطائی ڈاکٹر ایک بہت بڑا مافیا ہے جن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے صوبے میں پہلی مرتبہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کو 100فیصد مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اسی طرح ہسپتالوں میں جدید مشنیری فراہم کی گئی جس سے غریب اور مستحق افراد بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے گزرنے والے سی پیک منصوبے کے روٹ پر 9ٹراما سینٹر قائم کئے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت طبی امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے بتایا کہ صوبے میں پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے غیر معیاری اور مضر صحت ادویات کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور اس میں ملوث کئی گروہوں کو پکڑا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے کی حکومتیں تو اس اہم مسئلے پر خاموش تماشائی بنی رہیں تاہم ہماری بھر پور کوشش ہے کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ صوبے میں عطائی ڈاکٹرز ایک بڑا مافیا ہیں جو حب سے لیکر جعفر آباد اور ژوب تک پھیلا ہوا ہے جس کے پیچھے بڑے بڑے ہاتھ ہیں جن کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں تاہم انکے مکمل خاتمے میں ابھی تک ہم کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
سی پیک روٹ پر 9 ٹراما سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں،رحمت بلوچ
وقتِ اشاعت : June 1 – 2017