|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2017

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سپنی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ایک خاتون اور ایک مرد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گری کی اس بزدلانہ کاروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سپنی روڈ سمیت شہر بھر میں سیکیورٹی کے اقدامات کو مذید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینہ میں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں دنیا اور آخرت میں اپنے اس قبیح فعل کی سزا بھگتنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور سوگوار وں کو صبر جمیل عطا کرے۔

دریں اثناء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اتوار کے روزسپنی روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت دوافراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت اور وحشت پر مبنی ذہنیت کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے ہم سب کو اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔