|

وقتِ اشاعت :   June 5 – 2017

دوحہ: قطر نے سعودی عرب سمیت 5 عرب ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کو بلاجواز اور غیر منصفانہ قرار دیا۔

قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، مصر، یمن، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بے بنیاد الزامات لگا کر تعلقات ختم کیے اور اس اقدام کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ قطر نے کہا کہ تعلقات ختم کرنے کا یہ فیصلہ اس کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، تاہم اس سے اس کے شہریوں اور رہائشیوں کے معمولات زندگی متاثر نہیں ہوں گے۔

قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ہم پر اپنی مرضی کی پالیسیاں مسلط کرنا ہے، جو بطور ریاست قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت پانچ عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگا کر اس سے سفارتی تعلقات ختم کردیے ہیں۔