|

وقتِ اشاعت :   June 8 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ پولیس نے شہباز ٹاؤن، جیل روڈ ، کلی نیو نیچاری اور ملحقہ علاقوں میں سینکڑوں گھروں کے سرچ آپریشن کے دوران17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کے بعد چھوڑ دیا ۔

ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی خصوصی ہدایت پر صدر اور سٹی ڈویژن میں پولیس کے 64 آفیسران اور اہلکاروں نے شہباز ٹاؤن کلی نیو نیچاری، جیل روڈ اور ملحقہ علاقوں میں 112 گھروں میں سرچ آپریشن کیا اس دوران 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تحقیقات کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ پولیس روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہے تا کہ ملک اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جا سکے شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ آپریشن کے دوران پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ملزمان کو قانون کے شکنجے میں جکڑا جا سکے اور پولیس گزشتہ کئی روز سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں یہ سرچ آپریشن کر رہی ہے اور یہ آپریشن جاری رہے گا۔