کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی صوبائی کابینہ پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس زیرصدارت صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ارباب ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی بالخصوص صوبہ کے سیاسی معاشی اور امن وامان کی گھمبیر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جن حالات سے پشتونخوا گزری وہی حالات آج بلوچستان کی سرزمین پر منڈلا رہے ہیں ۔
انتہاء پسندی دہشت گردی کی حالیہ لہر سے صوبے کے پہلے سے گھمبیر سیاسی معاشی ‘ معاشرتی حالات مزید تباہی کی جانب گامزن ہیں صوبہ میں حقیقی سیاسی قوت کو باہر رکھ کر آج اب الوقت اور پس پردہ ٹولیوں سے صوبہ کے حالات سنبھل نہیں رہے ۔
اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی کرپشن کمیشن نئے مالی سال کے آغاز پر اربوں روپے بوگس منصوبوں اور فرضی اسکیموں کے ذریعے ہڑپ کئے جارہے ہیں جبکہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ کوئٹہ کے شہری پانی ‘ بجلی ‘ گیس ‘ صحت ‘ تعلیم کی سہولتوں سے محروم ہیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سحری افطاری کے اوقات میں بجلی ناپید ہے اور نہ ہی مہنگائی گرانی پر کنٹرول کیا جاسکتا اور سستے داموں اشیاء ضروریہ عوام تک پہنچایا نہ جا سکا ۔
اجلاس میں کوئٹہ چاغی اسمبلی کی خالی نشست بارے تفصیل سے غور و غوض ہوا اور متعدد تجاویز اور آراء لی گئیں جبکہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عنایت اللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا جس میں ضمنی انتخابات بارے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال گھمبیر اور عوام مشکلات کا شکار ہیں ،اصغر اچکزئی
وقتِ اشاعت : June 10 – 2017