|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2017

کوئٹہ : کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ 7اور8جون کی درمیانی شب 1:45 منٹ پر شدیدآندھی اوربارش کے باعث 220KVٹرانسمیشن لائن کے تینوں سرکٹ ٹرپ کرگئے تھے جس کی وجہ سے کوئٹہ شہرسمیت قلات، مستونگ، چاغی، نوشکی، قلعہ عبداللہ، پشین، بولان اورسبی(9اضلاع )کوبجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔

جس کے بعد کیسکونے متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی شروع کردی تھی۔ بعدازاں8جون کی دوپہر کو سنگل سرکٹ کی بحالی کے بعد بجلی فراہمی میں کافی بہتری آئی ہے۔ترجمان نے کہاہے کہ آج علی الصبح220KVمتاثرہ ٹاوروں پرمرمت وبحالی کاکام نیشنل ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی(NTDC)کے زیرنگرانی ہنگامی بنیادوں پر شروع ہوچکاہے اورتوقع ہے کہ مرمت کاکام جلد مکمل ہونے کے بعد اس ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی اس سلسلے میں کیسکو NTDC سے مکمل رابطے میں ہے۔

ترجمان نے کہاکہ 220KVٹاوروں کے گرنے کی وجہ سے برقی قلت پیداہوگئی ہے جسے لوڈمینجمنٹ کے زریعے اضافی لوڈشیڈنگ کے تحت پورا کیاجارہاہے۔ترجمان نے مزیدکہاکہ ٹاوروں کی مرمت تک کوئٹہ شہراوراس ٹرانسمیشن لائن سے منسلک قلات، مستونگ، چاغی، نوشکی، قلعہ عبداللہ، پشین، بولان اورسبی میں اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

البتہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی کے بعد اضافی لوڈشیڈنگ فوری طورپرختم کردی جائے گی ۔ تاہم اضافی لوڈشیڈنگ پرصارفین کوہونے والی زحمت پر معذرت کی گئی ہے۔