کوئٹہ: کوئٹہ میں پولیس ناکے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین اہلکار جاں بحق جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ٹارگٹ کلرز با آسانی فرار ہوگئے۔ پولیس اور ایف سی نے سر چ آپریشنز کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کو دوپہر کے وقت کوئٹہ کے تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب پیش آیا جہاں ناکے پر تعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ اندھا اندھا دھند فائرنگ سے تین پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شدید زخمی ہوئے،زخمیوں سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں تینوں پولیس اہلکار عاشق علی ولد امین سکنہ ڈیرہ اللہ یار ،غلام مصطفی ولد بہادر خان سکنہ ڈیرہ مراد جمالی اور محبوب علی ولد بخش محمد ہانبھی سکنہ ڈیرہ اللہ یار دم توڑ گئے۔ انہیں سر اور جسم کے بالائی حصے میں گولیاں ماری گئی تھیں۔
راہ گیر اللہ گل بنگلزئی کو پاؤں میں گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت چھ پولیس اہلکار بکتر بند گاڑی کے ہمراہ سڑک کے دونوں جانب کھڑے تھے۔ موٹرسائیکلوں پر سوار چار سے زائد حملہ آوروں نے بیک وقت سڑک کے دونوں جانب موجود اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس کے بعد رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
بچ جانیوالے اہلکار نے تفتیشی ٹیم کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ آور نے ان پر بھی فائرنگ کی تاہم انہوں نے لیٹ کر جان بچائی اور پھر بکتر بند گاڑی تک پہنچ کر اس کے اندر سے حملہ آوروں پر فائرنگ کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔
یاد رہے کہ کوئٹہ میں رمضان المبارک میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل تیس مئی کو نامعلوم فائرنگ کرکے ڈی ایس پی عمر الرحمان کو مسجد کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
دریں اثناء فائرنگ کے واقعہ کے بعد ایس ایس پی آپریشنز نصیب اللہ خان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر زاہد ، اے ایس پی نیو سریاب سرکل کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد بگٹی اور ایف سی کے اعلیٰ آفیسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ادھر پولیس اور ایف سی کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔
ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ سریاب روڈ پر فائرنگ کے واقعہ میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوا ہے دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد نے ناکے پر موجود سڑک کے دونوں جانب کھڑے اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوا میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پولیس نے واقعہ کی بعد علاقہ کی ناکے بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی اورملزمان بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہونگے۔
کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی کا سرچ آپریشن 27مشتبہ افراد گرفتار ،پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس اہلکاروں پرفا ئرنگ کے واقع کے بعد پولیس اور ایف سی نے سریاب روڈ کے علاقے چکی شاہوانی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 27مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا ،گرفتار افراد کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ،مزید کاروائی جاری ہے ۔
دریں اثناء قلات میں سیکورٹی فورسز پر دستی بم حملے میں چار اہلکار زخمی جبکہ خضدار کے علاقے گریشہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور خاتون سمیت تین افراد زخمی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اتوار کوقلات کے علاقے جوہان میں نا معلوم افراد نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چارایف سی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے ،واقع کے بعد فورسزنے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔
لیویز کے مطابق تحصیل نال علاقہ گریشہ بدرنگ میں نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچایا گیا طبی امداد کے دوران معیار ولد دادل جا ں بحق ہو گیا زخمیوں میں مسماۃ (م) اور عیسیٰ خان شامل ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد خضدار منتقل کر دیا گیا لیویز نے ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دیا جبکہ واقعہ کے متعلق تفتیش شروع کر دی ۔
کوئٹہ، سریاب روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ ،3پولیس اہلکار جاں بحق ،قلات میں دھماکہ، نال میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک 7زخمی
وقتِ اشاعت : June 12 – 2017