|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2017

تہران:  ایران کے مشرقی بارڈ ر اور پاکستان کے ساتھ واقع سرحدی قصبے میرجاوہ میں بڑے پیمانے پر ایرانی فورسز کی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی ہے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ایرانی ٹینکوں اور دیگر فوجی کانوائے کو پاکستانی سرحد کی جانب پیش قدمی کے دعوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔

ایک ایرانی ویب سائٹ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں ایران کی سیکورٹی فورسز کو ملک کے مشرقی بارڈر اور میرجاوہ قصبے میں نقل و حرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی مشرقی سرحدوں پر بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔

درجنوں ٹینک ، بکتر بند گاڑیاں اور میزائلوں کی بڑے پیمانے میں نقل و حرکت جاری ہے۔جب کہ ایسی ہی نقل و حرکت پاکستانی سرحد کے قریب واقعے قصبے میرجاوہ میں بھی دیکھی گئی ہے۔ ویڈیو کلپ میں درجنوں ایرانی ٹینک پاکستانی سرحد کی جانب جاتے ہوئے دکھائے گئے ہیں لیکن ان کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ویڈیو میں انہیں مکمل نہیں دکھایا جا سکا۔

بی بی سی فارسی سروس سے وابستہ صحافی قصریٰ ناجی نے اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکانٹ سے ری ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ و اضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے اور اپنی سرحد کی حفاظت کے لئے دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ بھی موجود ہے۔گذشتہ دنوں ایرانی کوسٹ گارڈز کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی گشیدہ ہیں۔جب کہ گذشتہ ماہ ایرانی بارڈر سے پاکستانی علاقے میں مارٹر کے گولے داغے گئے تھے۔