پاکستان تحریک انصاف نے عدلیہ اور پاناما جے آئی ٹی کے خلاف مہم پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے، جس میں وزیراعظم نواز شریف اوروزیرخزانہ اسحاق ڈارکو فریق بنایا گیا ہے اور لیگی رہنماؤں کے بیانات کی ویڈیوز اور متن بھی جمع کرائے گئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ججز، عدالتی عملے اور پاناما جے آئی ٹی کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے، یہ توہین آمیز مہم وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایماء پر جاری ہے۔ آصف کرمانی وزیراعظم کی ایماء پرجے آئی ٹی کیخلاف بیان بازی کر رہے ہیں، اس مہم کے ذریعے برسراقتدار خاندان کو نشانہ بنانے کا تاثردیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ عدلیہ، جے آئی ٹی اورعدالتی عملے کے خلاف جاری مہم روکنے کا حکم دیا جائے اورآئین کے آرٹیکل 190 کے تحت تمام اداروں کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا حکم دے۔