کوئٹہ: ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ ،بلالائسنس اور غیر ملکی ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 3ادویہ ساز کمپنیوں سمیت 4میڈیکل سٹورز مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں بلکہ 2میڈیکل سٹور مالکان کو اشتہاری قراردیکر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ انہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔
گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں ادویہ ساز کمپنی سرل پرائیویٹ لمیٹڈ کیس کی سماعت ہوئی لیکن اس موقع پر کمپنی کے مالک ،جنرل منیجر اورمنیجنگ ڈائریکٹر انور جمال ،سید ندیم احمد اور سید اصغرعباس کے عدالت میں عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔
بیرٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر حسن تھارانی ،کوالٹی کنٹرول انچارج فضل محمود ،پروڈکشن انچارج محمود احمد کے بھی عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں اس کے علاوہ میکوئنز پرائیویٹ لمیٹڈ کیس میں نامزد ملزم عبدالرحیم کے متعلق عدالت کو بتایاگیاکہ وہ کینڈا جاچکے ہیں ۔
عدالت نے ان کے عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے عدالت نے لاثانی ٹریڈرز کیس میں نامزد ملزم عبدالعابد کے بھی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اور ساتھ ہی سپر سلمان میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم نیک محمد اور امارات میڈیکل سٹور کیس کے سید محمد مدثر کو عدالت نے اشتہاری قراردیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتارکرکے عدالت کے سامنے پیش کرے بعدازاں کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی۔
ڈرگ کورٹ نے 4میڈیکل سٹورزمالکان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے
وقتِ اشاعت : June 21 – 2017