پاراچنار: پاراچنار خود کش دھماکوں میں جان بحق افراد کی تعداد 64ہوگئی دھماکے میں زخمی ہونے والے چالیس سے زائد زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا ہے مزید پندرہ زخمیوں کی حالت نازک ۔
دھماکے کے دوسرے روز بھی ایجنسی کی فضا سوگوار ، پاراچنار کے تمام تعلیمی اور کاروباری ادارے احتجاجا بندرہے۔
زرائع کے مطابق جمعتہ الوداع کے موقع پر پاراچنار شہر میں یکے بعد دیگرے خود کش دھماکوں میں شہید افراد کی تعداد 64ہوگئی ہے جن میں 60افراد کی تدفین مکمل ہوچکی ہے۔
چیئرمین پاراچنار پریس کلب علی افضل افضال کے بھتیجے انجنئیر مجاھد افضل کی تدفین پاراچنار کالج کالونی میں کردی گئی ۔پاراچنار ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر صابر حسین کا کہنا تھا کہ 261زخمی پاراچنار ہسپتال لائے گئے جن میں شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کردیا گیا جبکہ سو سے زائد زخمی پاراچنار میں زیر علاج ہیں ۔
ہسپتال میں زخمیوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں جب ہسپتال لایا گیا تو ایک ایک بیڈ پر چار چار زخمیوں کو ڈالا گیا تھا جبکہ ہسپتال کے فرشوں پر بھی زخمی پڑے کراہ رہے تھے جس کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔
پی پی پی کے رہنما جمیل طوری کا کہنا تھا کہ جنوری میں ہونے والے دھماکے کے بعد آرمی چیف کے واضح احکامات کے باوجود تاحال ہسپتال کی اپ گریدیشن نہیں ہوسکی ہے۔دھماکوں کے دوسرے روز بھی پاراچنار شہر کی فضا سوگوار رہی ۔
قبائل کی جانب سے اس واقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا جبکہ مرکزی امام بارگاہ میں شہداء کی ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی ہوئی جبکہ تمام تعلیمی اور کاروباری ادارے بھی مکمل طور پر بند رہے۔
پارا چنار خودکش دھما کے ،جاں بحق افراد کی تعداد 64 ہوگئی ،زخمی پشاور منتقل
وقتِ اشاعت : June 24 – 2017