|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2017

ریاض: سعودی سپریم علماء کونسل نے دہشت گردوں کی جانب سے مسجد حرام میں ماہ صیام کی مقدس ساعات میں خون خرابے کی منصوبہ بندی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوارجی گروہ نے حرمات کی تمام حدیں پھلانگ دی ہیں۔

یہ نہ حرم کا خیال رکھتے ہیں اور نہ کسی جگہ حرمت اور تقدس کو دیکھتے ہیں۔ ان لوگوں کا کوئی دین ایمان نہیں۔ ان کے مکہ معظمہ میں دہشت گردی کے ناپاک عزائم کا قطعا کوئی جواز نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق علماء کونسل کی جانب یہ بیان مکہ معظمہ میں دہشت گردی کی خطرناک سازش کے ناکام بنائے جانے کے بعد اس کے رد عمل میں سامنے آیا ہے۔

’ٹویٹر‘ پر پوسٹ ایک بیان میں علماء نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بناتے ہوئے ان کی سازشوں کی تکمیل سے قبل گرفتار کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے زندہ و بیدار مجاھد و سپاہی پورے عزم اور جذبے کے ساتھ اللہ کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں نے حرمات کی تمام حدیں بھی پھلانگ دی ہیں۔ یہ لوگ نہ تو حرم کا خیال کرتے ہیں اور نہ ہی حرمات کا۔ ان کا کوئی دین اور مذہب نہیں۔

اللہ کا شکر ہے کہ سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرکے مسجد حرام میں دہشت گردی کی ناپاک سازش ناکام بنا کر دہشت گردوں کو ناکام و نامراد کیا ہے۔