|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 6 ماہ بعد قومی ووٹر لسٹوں کا نیا ڈیٹا جاری کردیا جس کے بعد عام انتخابات 2018 تک ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوزکرنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چھ ماہ بعد قومی ووٹرلسٹوں کا نیا ڈیٹا جاری کردیا، جس کے بعد پاکستان میں کل ووٹرز9 کروڑ 70 لاکھ 21 ہزار340 ہوگئے، مرد ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ45 لاکھ 97 ہزار تک پہنچ گئی۔

خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ24 لاکھ سے زائد ہے، مرد اور خواتین ووٹرزمیں فرق تاحال ختم نہ ہوسکا جب کہ ووٹرزفہرستوں میں مرد اورخواتین ووٹرز میں فرق 12 فیصد ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے کل ووٹرز 5 کروڑ58 لاکھ 20 ہزار، سندھ کے کل ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہے، خیبرپختونخواہ کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 40 لاکھ 16 ہزار، بلوچستان کے کل ووٹرز کی تعداد 37 لاکھ 2 ہزار سے زائد، فاٹا کے کل ووٹرز 21 لاکھ اوروفاقی دارالحکومت کے ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 94 ہزار ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں مرد ،خواتین ووٹرز میں فرق 12، سندھ میں 10، کے پی کے میں 14 فیصد ہے، بلوچستان میں مرد اورخواتین ووٹرز میں فرق 16، فاٹا میں 24 اوراسلام آباد میں 8 فیصدہے جب کہ عام انتخابات 2018 تک ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوزکرنے کا امکان ہے۔