پشاور: خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ خیبرایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے میدان میں نصب بارودی مواد کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور 3 راہ گیر جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ نے بھی واقعہ میں ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔
واضح رہے کہ خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے۔پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے ۔
خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر-ون اور خیبر-ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی جون 2014 میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔
خیبر ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکہ،سیکورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق
وقتِ اشاعت : July 2 – 2017