|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت تین افراد کو قتل کردیا گیا۔ مرنیوالوں میں دو بھائی شامل ہیں ۔ جبکہ ژوب اور قلات میں بھی فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق غیرت کے نام پر تین افراد کے قتل کاواقعہ نصیرآباد کی تحصیل تمبو میں پولیس تھانہ بابا کوٹ کی حدود گوٹھ در محمد عمرانی میں پیش آیا ۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان در محمد ،جان محمد اورنظام الدین نے پہلے گل جان اور اس کے بھائی امیر جان پسران علی نواز مگسی کو اور بعد میں اپنی چچا زاد بہن مسماۃ (ت) کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ تہرے قتل کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ادھر ضلع ژوب سے تقریباً 80کلو میٹر مرغا کبزئی میں ایک برساتی نالے کے قریب گھات لگائے گئے نامعلوم افرا دنے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چالیس سالہ محمدشاہ ولد پتک کبزئی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کی تعداد چار تھی جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ قتل کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ مزید کارروائی متعلقہ لیویز کررہی ہے۔

دریں اثناء قلات کی تحصیل سوراب کے علاقے جیوا میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر نادر علی ولد غلام حیدر جتک کو پستول سے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ زخمی کو طبی امداد کیلئے خضدار منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔