|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک سے نفرتوں کے خاتمے اور عوام کو ایک جگہ متحد کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

کچھ عناصر گوادر سی پیک منصوبے اور ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکر ناکام بنادے گی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمی انتخابات میں عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے حکمرانوں کا احتساب کرینگے اورا نشاء اللہ 15جولائی کو پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردارزادہ عمیر محمد حسنی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں گے۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ، سینیٹر سردار فتح محمد محمدحسنی ، سینیٹر قیوم سومرو ،صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ ،لالہ یوسف خلجی ،صوبائی سیکرٹری فنانس ملک حمید کاکڑ،ناصرآغا، ڈاکٹر گوہر اعجاز اوردیگر نے ہفتہ کو نواں کلی کے علاقے کلی طور خان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے عوام کوسبز باغ دکھاکر 2013ء کے انتخابات میں ووٹ حاصل کئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ عوام کو بھو ل کر لوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک منصوبہ بلوچستان کے عوام کیلئے پیپلز پارٹی کا ایک تحفہ تھا جس کے فنڈز کو موجودہ وزیراعظم پنجاب پر خرچ کر رہے ہیں جو بلوچستان سمیت دیگر چھوٹے صوبوں کے ساتھ نا انصافی ہیں جس کی پیپلز پارٹی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے قائدین کا احتساب کیا لیکن اب وہ پانامہ لیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور مجرموں کی طرح پورا خاندان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہورہا ہے اور انشاء اللہ پانامہ لیکس کے فیصلے کے بعد موجودہ حکمرانوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو بچانے کیلئے میدان میں نکلی ہے اور عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے کرپٹ اور بدعنوان عناصرکا خاتمہ کیا جاسکے کیونکہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو عوام کو انکے حقوق دلاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلو چستان میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت برادر اقوام کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن ہم ملکر ان سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں نوجوانوں کو ورغلا رہی ہیں لیکن عوام اب باشعورہوچکی ہے انکے بہکاوے میں نہیں آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے انشاء اللہ اس میں کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں فعال اور منظم ہورہی ہیں اور2018ء کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ 15جولائی کو عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے قوم پرستوں اور عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کا احتساب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام 15جولائی کو ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردارزادہ عمیر محمد حسنی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں

ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریں گی کیونکہ اس سے قبل بھی عوام نے اس حلقے سے متعدد مرتبہ پیپلز پارٹی کو کامیاب بنایا جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو ہم نے بلا رنگ و نسل اور تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کی ہے۔