|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2017

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کا الیکشن الائنس وقت و حالات کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔

این اے 260کا ضمنی انتخاب جمعیت علماء اسلام اور نیشنل پارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کا مشترکہ امتحان ہے دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس امتحان میں یہ دونوں پارٹیاں کس طرح کامیابی حاصل کریں گی ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پارٹی کے مرکزی کابینہ ،کوئٹہ ،چاغی اور نوشکی کابینہ اور مرکزی کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پروپیگنڈے دم توڑ رہے ہیں نیشنل پارٹی کی جمعیت علماء اسلام کو حلقہ این اے 260میں سپورٹ بلوچ نوجوان عثمان بلوچ کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی اس حلقے میں بلوچ کو کامیاب کرنے کی کوشش ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قومی مفادات پر ہم نے اپنے تنظیمی مفادات کو قربان کرکے قومی مفاد کو تقویت دی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا حلقہ این اے 260میں مقابلہ پشتونخوامیپ سے ہے پشتونخوامیپ کے مقابلے میں ہم نے جمعیت علماء اسلام کا انتخاب کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے کارکن حلقہ این اے 260میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو اپنا انتخاب سمجھ کر اس میں بھر پور کردارادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ضمنی انتخاب بنیادی طور پر 2018ء کے انتخابات کا پیش خیمہ ہیں ۔

انہوں نے پارٹی رہنماوں پر زوردیکر کہا کہ ہیں بہترین ورکنگ ریلیشن بناکر اپنی کامیابی کو یقینی بنانا ہوگا ۔انہوں نے پارٹی لیڈرشپ اور پارلیمانی پارٹی کے صوبای و قومی اور سینیٹرز کو پابند کردیا کہ وہ ضمنی انتخاب کے دن تک کوئٹہ میں قیام کریں اور جمعیت کیساتھ مختلف کارنر اجلاسوں اور جلسہ عاموں میں شرکت کریں۔

حلقہ این اے 260کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی بنائی گئی اور مرکزی لیڈرشپ کو ذمہ داریاں دی گئی اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی نائب صدر طاہر بزنجو الیکشن کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے ۔

مرکزی جوائنٹ سیکرٹری محراب بلوچ اور صوبائی جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ جمعیت علماء اسلام کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطہ کار ہونگے جبکہ کوئٹہ این پی کے صدر میر عطا محمد بنگلزئی اور ملک سیف اللہ شاہوانی پی بی 5اور پی بی 6کے الیکشن انچارج ہونگے ۔

چاغی کے الیکشن انچارج کامریڈ اللہ نور اور نوشکی میں الیکشن انچارج خیر بخش بلوچ کو مقرر کردیا گیا چاغی اور نوشکی میں دورہ کرنے کیلئے مرکزی مانیٹرنگ کمیٹی مرکزی قائدین اور پارلیمانی قائدین پر مشتمل دورہ کمیٹی تشکیل دیکردورے کریگی ۔

پارلیمانی رہنما نواب محمد خان شاہوانی ، سردار کمال خان بنگلزئی ، سردار اسلم بزنجو ، سینیٹر کبیر محمد شہی ، رحمت صالح بلوچ ،ڈاکٹر شمع اسحاق اور یاسمین لہڑی کوالیکشن کمپیئن میں بھر پور حصہ لینے کیلئے باقاعدہ ذمہ داریاں بھی دی گئی ہیں۔