کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حب میں سیلابی پانی سے ہونے والی اموات پر دکھ اور لواحقین سے ہمدردی او رتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن دادرسی کی جائے گی اور بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
متاثرین اپنے حوصلے بلند رکھیں۔ حکومت ان کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر قلات ڈویژن سے حب اور ضلع لسبیلہ کے دیگر علاقوں میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ متاثرین کی امداد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے جبکہ ان کی بحالی کے لئے بھی فوری طور پر سفارشات مرتب کی جائیں۔
جس کے لئے صوبائی حکومت وسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو متاثرین کے لئے خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے متاثرین کی فوری امداد اور ریسکیو کے حوالے سے انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے ، ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر اطمینا کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ یہ ادارے اپنی کارکردگی برقرار رکھیں گے۔
حب میں سیلابی پانی سے ہونے والی اموات پر دکھ ہے،نواب زہری
وقتِ اشاعت : July 2 – 2017