کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ کوہلو میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے آٹھ ارکان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلنگور میں سورک کے مقام پر ایف سی کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی خالد پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔
واقعہ کے بعد ایف سی نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔
ادھر ضلع کوہلو کے علاقے سوری کور میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے آٹھ کارندوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے تین کلاشنکوف، پانچ بندوقیں، اٹھارہ میگزین اور ہزاروں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار ملزمان گزشتہ روز مچھ میں ریلوے پٹڑی پر بم نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔
کیچ، مسلح افراد کی فائرنگ، سکیورٹی اہلکار زخمی، کوہلومیں سرچ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 8ارکان گرفتار
وقتِ اشاعت : July 3 – 2017