|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2017

کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے حلقہ این اے 260کوئٹہ چاغی نوشکی میں ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر محمد نعیم مجید جعفرنے صحافیوں سے گفتگو میں کیا انہوں نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کی درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فوج کی تعیناتی کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹیکل 220اور245کے تحت امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے13جولائی تا16جولائی2017تک حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے ۔

حلقہ این اے 260میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 15جولائی 2017کو ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی ریٹرننگ افسراور ریٹرننگ افسر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کا دباؤ خاطر میں لائے بغیر صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں اور ووٹرزسے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی بدنظمی سے پرہیز کیاجائے ووٹ کا درست استعمال ہر شہری کا فرض ہے عوام خصوصاً خواتین زیادہ سے زیادہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔

دریں اثناء صوبائی الیکشن کمیشن کے زیراہتمام حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں تعینات پولنگ عملہ کی تربیت کا عمل شروع کردیاگیا ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن بلوچستان سے 8ماسٹر ٹرینرز خدمات سرانجام دینگے ۔

ضمنی انتخاب کے دوران کوئٹہ میں 253،چاغی 73اور نوشکی میں 81مرد وخواتین پریزائیڈنگ افسران اور اتنے ہی اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں جن کی تربیت کا مرحلہ وار آغاز کردیاگیا جو 3تا9جولائی تک جاری رہے گا ۔