راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختصر فاصلے تک زمین سے زمین مار کرنے والے بیلیسٹک میزائل ’’نصر‘‘ کا تجربہ دیکھا۔
پاکستان نے حالیہ ہفتے کے دوران نصر میزائل کی60 کلو میٹر سے 70 کلو میٹر تک بڑھائی گئی رینج کے نئے ٹیکنیکل پیرا میٹر کا جائزہ لینے کیلئے متعدد تجربات کئے ۔
بدھ کو آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق یہ ویپن سسٹم میزائل شکن دفاع سمیت درپیش خطرات کیخلاف دفاعی صلاحیت کو بڑھائے گا ۔یہ ہدف کو درست نشانہ بنانے اور فوری طور پر نصب کئے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف نے آرمی اسٹریٹجک فورس کے تربیتی اور پیشہ ورانہ تیاریوں کے معیار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی قابل اعتماد دفاعی صلاحیت کے حوالے سے اس اہم سنگ میل کے حصول پر سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے تمام اسٹریٹجک اثاثوں کے موثر کمانڈ کنٹرول حفاظت اورسیکیورٹی اور انکے فروغ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپ ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جوپس پردہ رہتے ہیں ہم آپکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ نصر میزائل نے کولڈ سٹارٹ کو ٹھنڈا کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ جنگ سے ہر صورت میں بچا جانا چاہئے۔ ہماری سٹریٹجک صلاحیت عسکری قوت بڑھانے والے جھگڑالوپڑوسی کیخلاف امن کی ضمانت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام یقینی بنانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مذاکرات کے ذریعے امن کیلئے حکومت کی تمام کوششوں کی خلوص دل سے حمایت کرتے ہیں ۔ ہماری صلاحیت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہے کہ کوئی جنگ کے آپشن کا سوچے بھی نہیں ۔
ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل ، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل میاں محمد ہلال حسین ، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی میزائل تجربہ دیکھا۔
چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، چیف آف ایئر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف نے اس کامیابی پر اسٹریٹجک فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے میزائل کے تجربے اور تیاری میں شریک تمام افراد کی کوششوں کو سراہا ہے۔
پاکستان کا زمین سے زمین پر مارکرنیوالے میزائل کا تجربہ ،نصر میزائل جھگڑالو پڑوسی کیخلاف امن کی ضمانت ہے، آرمی چیف
وقتِ اشاعت : July 6 – 2017