|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کرپشن کی تحقیقات پر شریفوں کی شرافت سامنے آرہی ہے ۔

قانون پاکستان کے تمام لوگوں کے لئے یکساں ہے ملک میں ہر روز سینکڑوں مائیں بہنیں عدالتوں میں پیش ہوتی ہیں کرپشن کے سنگین الزامات میں مریم نواز جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئیں تو یہ کوئی بہادری کا کارنامہ نہیں جسے حکومتی سطح پر سراہا جارہا ہے جس نے بھی کرپشن کی ہے اسے جوابدہی کے کٹہرے میں لائیں گے ۔

پانامہ لیکس کے معاملے پر پی ٹی آئی نے تاریخی اسٹینڈ لیا ہے نواز شریف نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو پوری حکومت کا بستر گول ہو جائے گا پانامہ لیکس سے متعلق فیصلہ نئی سیاسی سمت کا تعین کرے گا اور حکمران جماعت میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہو جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کریم داد سمالانی میر منظور خان کھوسہ میر نصراللہ رند کی قیادت میں ملنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا سردار یار محمد رند نے کہا کہ وفاقی وزراء کی بوکھلاہٹ بہت کچھ ظاہر کررہی ہے جے آئی ٹی کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کے لئے وزراء اور حکومتی ترجمان چیخ چیخ کر دھمکیاں دے رہے ہیں ۔

ملک میں پہلی بار اقتدار کی آڑ میں لوٹ کھسوٹ کرنے والے وائیٹ کالرز کو تحقیقات کا سامنا ہے اور قانون وانصاف کے یکساں نفاذ کی تاریخ لکھی جارہی ہے ۔

سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے تحفظ کی آئینی جدوجہد جاری رکھے گی اور غریب اور امیر کے مابین دہرے معاشرتی رویوں اور امتیازی قوانین کے نفاذ کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔

سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مرکزی انتخابات کے بعد تمام صوبائی اور مقامی عہدیداروں کا جلد از سر نو انتخاب ہوگا۔