|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2017

حب: عوامی شکایات پرڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے زیر صدارت منعقدہ اجلا س میں حب اور گڈانی کے پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ ۔

پبلک پارک مساجد اورروڈ ڈیولپمنٹ پرکام نہ کرنے والی ہاؤسنگ اسکیموں کے این او سی منسوخ اور اراضی انتقال پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری ۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں سے ہاؤسنگ اسکیموں کے متاثرین کی عوامی شکایا ت پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مجیب الرحمان قمبرانی کے زیر صدارت تحصیل گڈانی اور حب میں جاری پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے حوالے سے اجلاس اسسٹنٹ کمشنر حب کے دفتر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں چےئرمین میونسپل کارپوریشن حب رجب رند ، ٹاؤن پلاننگ افسران ، عبدالجلیل زہری ، اے سی حب نعیم گچکی ، تحصیلدار گڈانی بشیر احمد موندرہ ، تحصیلدارحب سیف اللہ کاکڑاور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ حب ٹاؤن اور گڈانی ایریا میں قائم پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں سیوریج لائن ، پبلک پارک ، روڈ کی تعمیر سمیت ڈیولپمنٹ پر عملدرآمد کرنے کیلئے ٹاؤن پلاننگ کے حوالے سے مروجہ قواعد وضوابط پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹاؤن پلاننگ کے حوالے سے قواعد وضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے والی پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمات کے مالکان کو نوٹسز ایشو اور این او سی منسوخ کئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے ہاؤسنگ اسکیمات میں پبلک پارک مساجد روڈا ور سیوریج لائنوں کی تعمیر اورٹاؤن پلاننگ کے تحت ڈیولپمنٹ مکمل ہونے تک ہرقسم کے پلاٹ اراضی کی انتقال پر پابندی کا حکم ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو جاری کیا اور انھیں ہدایت کی کہ وہ تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمات کا ڈیٹا حاصل کریں ۔

کہ کتنے اسکیمات بغیر این او سی کے کام کررہی ہیں اور جن اسکیمات کو این او سی جاری کیا گیا انکی ملکیت اور اراضیات کے رقبہ جات کا ریکارڈ بھی آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔