|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2017

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی مرکزی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے پاکستان وٹنری میڈیکل کونسل کی جانب سے لسبیلہ یونیورسٹی کے ڈی وی ایم ڈیپارٹمنٹ کی رجسٹریشن معطل کر کے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پاکستان وٹنری میڈیکل کونسل کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے کہ آئندہ اس ادارے کے کسی طالب علم کو پی وی ایم سی کی جانب سے نہ تو رجسٹر کیا جائیگا اور نہ ہی ان کے فارغ التحصیل طلبا کو پی وی ایم سی کی جانب سے لائسنس جاری کیا جائیگا۔

پاکستان وٹنری میڈیکل کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ عرصے سے ہم نے بار بار لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے تھے کہ اپنے طلبا اور فیکلٹی ممبرز (اساتذہ) کی رجسٹریشن کروائیں۔ جس کے لئے 30 جون تک کی آخری مدت دی گئی تھی جس پر لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ نے عمل نہ کر کے پی وی ایم سی کی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔

جس کے بعد پی وی ایم سی نے رجسٹریشن معطل کر کے ڈی وی ایم ڈیپارٹمنٹ پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی، جو کہ لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کے ڈی وی ایم فیکلٹی کے سربراہ کی نا اہلی کا واضح ثبوت ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی صوبے کی واحد یونیورسٹی ہے جو ڈی وی ایم کی ڈگری دیتی ہے۔ لیکن اس کے باوجود انتظامیہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔

جس کی وجہ سے طلبا کا مستقبل ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پی وی ایم سی کے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کر کے جلد از جلد تمام طلبا اور فیکلٹی ممبرز کی رجسٹریشن کروائیں۔ بصورت دیگر ہم سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔