کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹبالرز کی پاکستان آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اقوام عالم میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور فٹبال شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کی جانب اہم پیشرفت قراردیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے اور ہم اپنے مہمانوں کی دل سے قدر کرتے ہیں انہیں محبتوں اور روایاتوں کی اس سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر ہمارے تشخص اور روایات کو مسخ نہیں کرسکتے نہ تو ان کے ناپاک عزائم کی تکمیل ہوسکتی ہے اور نہ ہی دشمن کی بزدلانہ کاروائیاں ہماری ہمت ، حوصلوں کو پسپا کرسکتی ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیشمار سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جانی قربانیاں اس حقیقت کا مظہر ہیں کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے ہمارے جذبے اور عزم مستحکم ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فٹبالرز کی پاکستان آمد اور میچوں کے انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام دینے میں کامیابی حاصل ہوگی کہ پاکستان امن اور محبتوں کی سرزمین ہے اور یہاں دہشتگردوں اور شرپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اس کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے اور یہاں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی راہ ایک مرتبہ پھر سے بحال ہوگی۔
بین الاقوامی شہریت یافتہ فٹبالر ز کی پاکستان آمد باعث مسرت ہے ، نواب زہری
وقتِ اشاعت : July 9 – 2017