|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2017

سیالکوٹ: وفاقی وزیر پانی و بجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 1999 ء میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف فکس میچ کھلا گیا ۔

میچ فکسنگ کا عادی اور اداروں کو دعوت گناہ دینے والا واشگاف الفاظ مین سن لے اب کوئی میچ فکس نہیں ہوگا‘ عوام کے منتخب وزیراعظم کو اب گھر نہیں بھیجا جاسکتا‘ عمران خان تم قصہ پارینہ بن جاؤ گے مگر نواز شریف کی جدوجہد ہمیشہ زندہ رہے گی ۔

پاکستان کے تمام صوبوں کو اپنے بجلی کے پاور پلانٹس لگانے کا اختیار ہے لیکن اس اختیار سے فائدہ نہیں اٹھایا گیاوگرنہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ کبھی پیدا نہ ہوتا لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاور پلانٹس لگوائے جو تیزی سے مکمل ہورہے ہیں جس کا فائدہ پاکستانی قوم کو ہوگا ۔

اتوار کو سیالکوٹ میں پیرس روڈ پر میرج ہال میں عید ملن پارٹی سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ موجودہ دور میں پنجاب کے علاوہ سندھ کی حکومتوں نے پاور پلانٹس لگوائے جوکہ مکمل ہورہے ہیں اور یہ ایسے منصوبے ہیں جن سے ساری پاکستانی قوم کو فائدہ ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی خودمختاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاؤٹ عمران خان ہیں جو نہ خود کچھ کرتے ہیں بلکہ اقتدار کی ہوس میں اس نے جھوٹ کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔

انہو ں نے مزید کہا کہ اقتدار اللہ تعالی نے دیا ہے اور پاکستانی قوم ہی اپنی قیادت منتخب کرتی ہے لیکن انتخابات کے فیصلے گھروں میں بیٹھ کر بنانے کی سوچنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہیں اور پاکستانی قوم بھی ایسے عناصر کو جانتی ہے اسی وجہ سے وہ انہیں مسترد کرتی ہے ۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں چلنے والی مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں لیکن سازشی عناصر سے مسلم لیگ خوف زدہ نہیں ہے بلکہ تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات جدوجہد کرنے والی مسلم لیگ کو پاکستانی قوم آئندہ عام انتخابات میں دوبارہ واضح اکثریت سے کامیاب کروائے گی ۔

اور اقتدار مسلم لیگ (ن) کے پاس ہی رہے گا اور مخالفین ہاتھ ملتے پاکستان سے بھاگ جائیں گے ، انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی میں میاں محمد نواز شریف کے بیٹوں، بھائی، بیٹی ، سمدھی اور داماد کے علاوہ نوکروں اور ملازمین کو بھی بلایا گیا۔

انہوں کہاکہ کوئی مائی کا لال ہے جو قانون کی حکمرانی کا اتنا احترا م کرتا ہے ۔ انہوں کہاکہ عوام کے دیئے ہوئے اقتدار پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کی جارہی ہے اورصرف ایک کو ہی امپائر نظر آتا ہے باقیوں کو نظر نہیں آرہا اور اس مرتبہ بھی امپائر نظر نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ والدہ کے نام پر ہسپتال بنا کر خیرات، زکوۃ اکھٹی کرکے مسقط ، تھائی لینڈ اور فرانس میں پراپرٹی سٹہ کھیلنے والے سے کوئی سوال نہیں کرتا ۔

خواجہ محمد آصف نے مطالبہ کیا کہ جے آئی ٹی نے ایک تصویر لیک ہوئی ہے پوری کارروائی ٹی وی ، سینما میں مشتہر کی جائے اور سی ڈیز بنا کر تقسیم کی جائیں جس کا خرچہ ہم ادا کریں تاکہ عوام کو پتا لگ جائے کہ 60دنوں میں کیا کیا سوالات کئے گئے اور کیا کیا جوابات ملے ۔

انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ نے الیکشن ایشو بننا ہے اس سے میاں محمد نواز شریف کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ 20کروڑ عوام ہی اصل جے آئی ٹی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ بحالی میں سب سے زیادہ جدوجہد ہم نے کی ہے اور ہم پر ہی عدلیہ کا احترام لازم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کی قربانیاں تا ابد زندہ رہے گے اور مخالفین نشانہ عبرت بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا خان پاکستان کی معاشی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف نے اٹیمی دھماکے کرکے ملک کو جغرافیائی طور پر ناقابل تسخیر بنایا اور اب سی پیک کے ذریعے معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائے گا۔

انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں پاکستان کو معاشی طور پر آزاد نہیں دیکھنا چاہتیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کے انرجی کے عذاب سے قوم کو نجات دلانے کیلئے دن رات فوکس کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت36ارب ڈالر کے پاور پراجیکٹس لگ رہے ہیں ۔ اس موقع پر محمد پور ہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار شیخ قیصر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

دریں اثناء سازشی عناصر سن لیں ملک میں انتشار آئے گا نہ جمہور یت جائے گی اور نہ نواز شریف سے کوئی اقتدار چھین سکتا ہے، جمہوری حکومتوں کو رسوا کرکے نکالنے کا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سازشی عناصر سن لیں ملک میں انتشار آئے گا نہ افراتفری نہ جمہور یت جائے گی نہ نواز شریف۔

جو بھی مسلم لیگ (ن) کو کان سے پکڑ کر سیاست سے نکالنے کی کوشش کریگا تو وہ ملک کو دراصل سیاست سے بے دخل کریگا، جمہوری حکومتوں کو رسوا کرکے نکالنے کا پاکستان میں رواج ہے‘ اب بھی تاریخ کا پہیہ الٹا گھمانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ جے آئی ٹی کے قیام کے مقاصد کوئی اور تھے لیکن وہ کسی اور طرف جارہی ہے ۔

جے آئی ٹی اگر غلط کام کرے تو اس پر تنقید ہو سکتی ہے اور اگر کوئی ہمیں اعتراض ہو گا تو اس کو بھی سامنے لایا جائیگا جو کہ ہمارا بنیادی حق ہے‘ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سینیٹ انتخابات سے پہلے جل تھل ہو جائے۔

عمران خان خود سوا تین سو کینال کے گھر میں رہتے ہیں‘ وہ نہ منی ٹریل بتاتے ہیں‘ الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہیں کرواتے‘ ان کو گالیاں دیتے ہیں۔ وہ اتوار کے روز نشاط کالونی میں عید ملن پارٹی سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زعیم قادری‘ ممبران صوبائی اور پارٹی کارکن بھی کثیر تعداد میں موجود تھے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اسے چمکتا دمکتا پاکستان دیں گے لیکن حکومت کو پہلے دن سے صحیح طرح کام نہیں کرنے دیا گیا جو لوگ ملک میں جمہوری حکومت نہیں چاہتے ایسی سوچ ،مائنڈ سیٹ یہاں جا بجا پایا جاتا ہے۔

لیکن پاکستان آئس لینڈ نہیں‘ دنیا کو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہے کہ اگر پاکستان اپنے قدموں پر چل پڑے‘ غربت اور جہالت دور کرنے میں کامیاب ہو جائے‘ معیشت مضبوط ہو جائے تو پاکستان صرف اپنے ملک میں ہی نہیں ساتھیوں کی بھی مدد کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

بعض عالمی قوتیں پاکستان کو دست نگر بنا کر رکھنا چاہتی ہیں ، یہ طاقتیں پاکستان کو نیو کلیئر طاقت نہیں بنتا دیکھنا چاہتی تھیں لیکن نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔