|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2017

کو ئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ مظلوم ومحکوم قوموں کے حقوق اور برابری کے ساتھ مسائل پر دسترس کی بات کی ہے ۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر پشتون بلوچ قوم کے تحفظ اور ملک میں جمہوری وسیاسی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے کر تے رہیں گے بعض چینلز کی جانب سے پارٹی کا میڈیا ٹرائلر اور بعض اخبارات کی جانب سے ہمارا موقف پیش نہ کرنے پر گلہ اور افسوس ہے ۔

اس لئے ہماری گزارش ہے کہ میڈیا مالکان دوسروں کے ڈائریکشن پر نہ چلیں جتنی قدغن موجودہ دورمیں میڈیا پر ہے ضیاء کے مارشل لاء کے دور میں بھی اتنی نہیں تھی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حلقہ این اے 260 کوئٹہ چاغی سے آزاد امیدوار رضا محمد خلجی کی جانب سے پارٹی کے نامزد امیدوار جمال ترہ کئی کی حمایت میں دستبردار ہونے کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں نواب سلمان خلجی، سحر گل خلجی سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوان کیا ۔

اس موقع پر خوشحال خان کاسی سمیت دیگر موجود تھے عثمان خان کاکڑ نے آزاد امیدوار رضا محمد خلجی کی پارٹی کے نامزد امیدوار جمال ترہ کئی کی حمایت میں دستبردار ہونے کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے خلجی قوم کے سربراہ نواب سلیمان خلجی اور ان کے ساتھیوں کا اپنی جماعت اور قیادت کی جانب سے شکریہ اد اکیا ۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے260 کوئٹہ چاغی کی نشست پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سنیئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل کی وفات کے بعد خالی ہوئی جس پر پشتونخواملی عوامی پارٹی نے جمال خان ترہ کئی کو ٹکٹ دیا ہے،جنہوں نے زمانہ طالب علمی سے پشتونخواایس او اور بعد ازاں پارٹی پلیٹ فارم سے بھر پور جد و جہد کی ہے اور مختلف عہدوں پر فائز رہے وہ چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے صدر بھی ر ہے پارٹی نے ایک کارکن کو ٹکٹ دیا ہے جو باعث فخر ہے۔

پارٹی کے سنیئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل کو ان کی سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی جد و جہد تاریخ کا حصہ ہے،تمام تر مشکلات کے باوجود انہوں نے کبھی نظریات اور جد و جہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،18 ترمیم میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی نے حقیقی جمہوریت ،پارلیمنٹ کی بالادستی ،سی پیک میں پشتون بلوچ قوم سمیت دیگر اقوام کے حق کے لئے آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ صوبے میں آباد تمام اقوام کے لئے جد و جہد کی،انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملکی میڈیا ہمیں نظر انداز کررہا جبکہ بین الاقوامی میڈیا ہمارے موقف کو پیش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض چینلز کی جانب سے پارٹی کے میڈیا ٹرائل اور بعض اخبارات کی جانب سے ہمارا موقف پیش نہ کیے جانے پر افسوس اور ان سے گلہ ہے حالانکہ ہم نے ہمیشہ میڈیا کا ساتھ دیا اور اس کے لئے آواز بلند کی ہے۔

اس موقع پر حلقہ این اے260 کوئٹہ چاغی سے آزاد امیدواررضا محمد خلجی نے کہاکہ میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور میں نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پارٹی کو ٹکٹ کیلئے درخواست دی تھی لیکن پارٹی قیادت کا ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے مجھے ٹکٹ نہیں ملا بعد میں قوم کے معتبرین کے صلاح و مشورے سے میں نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز خلجی قوم کے سربراہ نواب سلمان خلجی ،حاجی محمد امین اندڑ،قاری محمد نعمان،ملک عبداللہ ،سحر گل خلجی،ناظم خان اور دیگر کے صلاح و مشورے سے پشتونخواملی عوامی پارٹی اور اپنے قبیلے سے تعلق رکھنے والے جمال خان ترہ کئی کی حمایت کا فیصلہ کیاور آج میں ان کے حق میں دستبردار ہورہا ہوں اور ان کی کامیابی کیلئے خلجی قوم بھرپور کردار اد اکریگی۔

نواب سلمان خلجی نے کہاکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں جمال ترہ کئی کو ٹکٹ دیکر ایک اچھا فیصلہ کیا امید ہے کہ آئندہ دوسری جماعتیں بھی خلجی قبیلے کو نظر انداز نہیں کریں گی ۔

ایک سوا ل کے جواب میں عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر ملکی میڈیا جس میں مختلف ریڈیو اور دیگر میڈیا ہمارے ساتھ رابطہ کر کے ہمارا موقف پیش کر تا ہے لیکن ہمارا الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا اس حوالے سے کوریج نہیں دے رہا جس کی وجہ سے ہمیں ان سے گلہ اور افسوس ضرور ہے ۔

اس موقع پر حلقہ این اے260 کوئٹہ چاغی سے امیدوار جمال خان ترہ کئی نے دستبردار ہونے والے رضا خان خلجی کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ مجھے حلقے کے عوام اور خلجی قبائل سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لو گوں سے یہی امید ہے کہ وہ 15 جولائی کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں مجھے اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔