کوئٹہ: پاکستان تحریک کے صوبائی صدر سرداریارمحمد رند نے کہاہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات میں نوازشریف اورانکی فیملی کے خلاف پی ٹی آئی کا موقف درست ثابت ہوا حتمی تحقیقات میں شکست نوازشریف اوراس کے حواریوں کامقدر ٹھہری ۔
تحقیقاتی رپورٹ کرپشن کے گارڈ فادر کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوئی نوازشریف اوران کی فیملی صادق اورامین نہیں رہی نوازشریف فوری طورپر استعفیٰ دے کر وزیراعظم ہاؤس خالی کردیں ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے پی ٹی آئی بلوچستان کے سینئررہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سرداررند نے کہاکہ جے آئی ٹی تحقیقات میں کرپشن سامنے آنے کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حکومت نے نوازشریف اینڈ کمپنی کوفیوردینے کیلئے سرکار اداروں سے خلاف ضابطہ کام کروائے تیس سالوں سے شریف خاندان ملک کاخون چوس رہاہے ۔
پی ٹی آئی نے اپنی تمام سرگرمیاں بالائے طاق رکھ کر اپنی توجہ پانامہ لیکس پرمرکوز کرکے نوازشریف اوران کے خاندان کی کرپشن منظرعام پر لائی اور پانامہ لیکس کے معاملے کومنطقی انجام تک پہنچایا ۔
انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی نے تمام معاملات کاجائزہ لیکر حقائق پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے ۔شریفوں کی شرافت اب عوام پراضع ہوچکی ہے ۔عمران خان کرپشن کے خلاف مرد آہن بن کر بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کی علامت بن چکے ہیں ۔
درایں اثناء سرداریارمحمد رندکی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ پی ٹی آئی حلقہ این اے 260 کے ضمنی انتخاب میں بھرپورحصہ لے گی اورپارٹی کاامیدوار کسی بھی دیگر پارٹی کے حق میں دستبردار نہیں ہوگاپی ٹی آئی کے سینئر عہدیدار حمایت کیلئے دیگرجماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے ۔
اجلاس میں نوابزادہ امین اللہ رئیسانی ،سردار خادم حسین وردگ ،میرمحمداسماعیل لہڑی ،سابق سینیٹر خداے نور،ملک فیصل دہوار،ملک نصیب اللہ بٹنی،میرعبدالرحیم رند ،ملک فیصل کاکڑ،سردار نجیب سنجرانی،بابریوسفزئی نے شرکت کی۔
سردار رند نے پی ٹی آئی کے تمام عہدیداروں اورکارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ حلقہ این اے 260 کے ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی نامزدامیدوار ڈاکٹرمنیر احمد بلوچ کی کامیابی کیلئے دن رات کام کریں اورحقیقی تبدیلی کیلئے کرداراداکریں ۔
جے آئی ٹی رپورٹ نے نواز شریف کے بارے میں پی ٹی آئی کے موقف کو درست ثابت کر دیا ،سردار یار محمد رند
وقتِ اشاعت : July 11 – 2017