|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2017

قلات : بلوچستان کے علاقے قلات میں نیشنل ہائی وے پر کوچ الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق خضدار سے تعلق رکھنے والے ہندو برادری کے درجنوں افراد خواتین بچوں سمیت ایک کوچ سپر شاہین رجسٹریشن نمبرBSA351 میں خضدار سے کوئٹہ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ قلات شہر سے چھ کلو میٹرکے فاصلے پرسنگداس کے مقام نیشنل ہائے وے پرموڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس ،موٹر وے پولیس ،لیویز ایدھی سینٹر قلات کے اہلکاروں سمیت دیگرنے لیویز ،پولیس کی گاڑٰیو ں اور ایدھی ایمبولینس میں فوری طور پر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا ،جہاں پر زخمیوں کو طبی امداد دی گئی زخمیوں میں سے دو حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جن کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا ۔

اس دوران قلات ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ ہندو برادری سمیت قلات کے سینکڑوں افراد ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور ہسپتال اسٹاف کے ساتھ ملکر زخمیوں کی تیمارداری بھی کی ،جبکہ ڈپٹی کمشنرجلال الدین کاکڑ ،ایس ایچ او محمد اسحاق زہری سمیت دیگر نے جائے وقوعہ اور ہسپتا ل کا دورہ بھی کیا ۔