خیبر ایجنسی: ذخہ خیل میں ایف سی نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 حملہ آور ہلاک کردیے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عام (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے ذخہ خیل کی سرحدی چوکی پر خودکش حملہ آوروں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ ایف سی کی جانب سے جوابی کارروائی میں دو خودکش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور سرحد پار سے آئے اور انہوں نے جیروبی سے دو کلومیٹر شمال مغرب میں چوکی پر فائرنگ کی۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرارہے جب کہ سیکیورٹی فورسزکی جانب سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔