|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2017

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں غیر معمولی کمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اب سیکورٹی اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔

بلوچستان میری ترجیحات میں شامل اور دیگر صوبوں کی طرح بلوچ عوام کی خوشحالی اولین ترجیح ہے، فوج پاکستان کے عوام کی ہے اور انکے تعاون کے ساتھ بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیرژن کادورہ کیا۔آرمی چیف کو ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈاور ہیڈکوارٹرز ایف سی بلوچستان (نارتھ) میں صوبے کی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں غیر معمولی کمی کو سراہا اور کہاکہ دہشتگرد اب سیکورٹی اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔

آرمی چیف نے سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کیلئے فوج ،ایف سی ،پولیس ،انٹیلی جنس ، دیگر ایجنسیوں اور صوبائی انتظامیہ کی کامیابیوں کو سراہا۔

انھوں نے کہاکہبلوچستان میری ترجیحات میں شامل ہے جبکہ دیگر صوبوں کی طرح بلوچ عوام کی خوشحالی اولین ترجیح ہے ۔آرمی چیف نے سماجی اور معاشی شعبوں میں کوششوں اور فراریوں کے ہتھیار ڈالنے کے عمل کوسراہا۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور انکے بلند مورال اور جذبے کو سراہا اور کہاکہ فوج پاکستان کے عوام کی ہے اور انکے تعاون کے ساتھ بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔

اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پرلیفٹیننٹ جنرل عام ریاض کمانڈر سدرن کمانڈ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔