فتح جنگ: قطبال میں گدی نشین کی گرفتاری کے خلاف سیکڑوں مریدوں نے تھانے پر حملہ کرکے قبضہ کرلیا۔
فتح جنگ میں قطبال پولیس نے قانون کی خلاف ورزی پرمقامی گدی نشین امجد علی شاہ اور پیر خادم حسین کو گرفتار کیا جس پر ان کے مریدوں اور مقامی رہائشیوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔
مشتعل افراد نے تھانے پر قبضہ کرکے ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر اہلکاروں نے گرفتار شدگان کو دوسری جگہ منتقل کیا اور تھانہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
مظاہرین نے قطبال تھانے میں موجود ریکارڈ بھی نذر آتش کرتے ہوئے دھمکی دی کہ ایک گھنٹے میں پیر کو رہا نہ کیا گیا تو تھانہ بھی جلا دیں گے۔
پیر کے مریدوں نے راولپنڈی فتح جنگ روڈ ٹائر جلا کر سڑک بھی بلاک کردی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ایک پیر خادم حسین کے ضلع میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے تاہم مقامی گدی نشین پیر امجد علی شاہ نے پابندی کے باوجود دربار میں اجتماع سے پیر خادم حسین کا خطاب کرایا تھا۔
قانون شکنی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قطبال تھانہ میں مقدمہ درج کرکے پیر امجد علی شاہ اور خادم حسین کو گرفتار کرلیا۔