|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2017

کوئٹہ: ایران کی جانب سے24گھنٹے کے دوران دوسری بار پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کی گئی۔

ایرانی بارڈر فورس کی جانب سے داغے گئے چار مارٹر گولے پنجگور کے علاقے پروم میں گرے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً بارہ بجے ایرانی باردر سیکورٹی فورس کی جانب سے پاکستانی حدود کی جانب یکے بعد دیگرے چار مارٹر گولے داغے گئے جو پاکستانی حدود کے تقریباً چھ کلو میٹر اندر بارڈر پلر نمبر154کے علاقے میں پنجگور کی تحصیل پروم میں گرے۔


مارٹر گولے کھلے میدان میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پنجگور کے ڈپٹی کمشنر نے ایرانی فورسز کی جانب سے چار مارٹر گولے پاکستانی حدود میں داغنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ واقعہ سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

سرحدی خلاف ورزی پر ایرانی حکام سے احتجاج کیا جائیگا۔یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی ایرانی فورسز نے پاکستانی حدود کے کئی کلو میٹر اندر ضلع کیچ کی تحصیل مند کے سرحدی علاقے میں ایک مارٹر گولہ داغا تھا ۔