|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت پیر کے روز یہاں پی ایس ڈی پی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو، میر سرفرازاحمد بگٹی ، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر عمر بابر، سیکرٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اجلاس کو پی ایس ڈی پی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال میں بیشتر جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمات مکمل کرلی جائیں گی، موجودہ بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت، ماہی گیری، مائننگ اور شاہراوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس سے صوبے میں غیر معمولی ترقی آئیگی ۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی تمام محکموں کو فنڈز کی بروقت فراہمی اور پی سی ون کی بروقت تیاری کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر ایمانداری سے خرچ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم سب تنخواہ لیتے ہیں تو ہمیں کام بھی ایمانداری اور لگن سے کرنا چائیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔