|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2017

حب :  سردار یارمحمد رند نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آنے کے بعد ملک اور بلوچستان میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز کریگی پی ٹی آئی کے واضح پروگرام کے تحت بلوچستان میں تعلیم وصحت روزگار اور امن وامان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا شامل ہے تبدیلی کا سفر ووٹ سے مشروط ہے لوگ اپنے مقدر تبدیل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کوآزمائیں انشاء اللہ بلوچستان میں ہم ایسی تبدیلی لائیں گے کہ مدتوں لوگ ہمیں یاد کرینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر سیلاب متاثرین اور پی ٹی آئی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خدارا ایسے عناصر کو دوبارہ ووٹ نہ دیں جنھیں وہ چھ چھ بار آزما چکے ہیں تقدیر بدلنے انکے اپنے ہاتھ میں ہے اور یہ تبدیلی ووٹ سے آئیگی اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما معشوق رند اور مرتضی شیخ کے علاوہ سینکڑوں کارکنا ن موجود تھے ۔

سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان کا وزیر اعلی بننا ہر ایم پی اے کاحق ہے عوام نے ہماری پارٹی پر اعتماد کیا تو انشاء اللہ آئندہ وزیر اعلی پی ٹی آئی کا ہوگا، سردار یارمحمد رند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانا ما لیکس کا فیصلہ اب آنیوالا ہے نواز شریف اور اسکے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا وقت قریب ہے عمران خان سچے اور صاف گو کھرے سیاستدان ہیں جب انھوں نے کرکٹ کھیلی تو قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیا ، کینسر ہسپتال قائم کرکے پورے ایشیاء میں انسانی خدمت عزم ولولے کی مثال قائم کردی ہرفیلڈ میں وہ کامیاب ہوئے ہیں اور انشاء اللہ سیاسی میدان میں بھی مخالفین کو کلین بولڈ کرنے میں کامیاب ہونگے۔

،سردار رند نے کہا کہ ہم بلوچستان میں ایجوکیشن سیکٹر کے حوالے ایک ایسا تعلیمی ادارہ قائم کرنے جارہے ہیں جو پورے ملک میں رول ماڈل ہوگا ، 14اگست کو اس کا باقاعدہ افتتاح ہوگا ،ریڑھی چلانے والوں اور غریب کسانوں ومحنت کشوں کے بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔

قومی اسمبلی کوئٹہ کم نوشکی کی ضمنی الیکشن کے نتائج کے متعلق انھوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل من پسند نتائج کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی اور دھاندلی کے ذریعے عوام کو آذادانہ حق رائے کے استعمال اور اپنے حقیقی نمائندوں کے انتخاب سے دور رکھنے کی سازش کی گئی

2013کے جنرل الیکشن میں اتنے ووٹ کاسٹ نہیں ہوئے جتنے فرشتوں کے ذریعے من پسند امیدواروں کی کامیابی کیلئے 34ہزاد رووٹوں سے بیلٹ بکس بھرے گئے لیکن آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کی سازشیں ناکام بنائیں گے ہم نے آئندہ الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے انشاء اللہ بلوچستان میں پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات میں کلین سوئپ کریگی ۔

بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات نے پارٹی جوائن کرنے کیلئے رابطے شروع کئے ہیں پی ٹی آئی سندھ کی خاتون ورکر ناز بلوچ سے متعلق انھوں نے کہا کہ وہ ہماری اچھی ورکرز تھیں انکی پارٹی چھوڑنے پر ہمیں دکھ ہوا ہے سردار یارمحمد رند نے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں انکے مسائل سے آگاہی حاصل کی اور انھیں یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعلی بلوچستان سے کہیں گے کہ وہ آئیں سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ اور انکے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کودیکھیں یہ انکے اپنے لوگ ہیں ۔

سردار یارمحمد رند نے کہا حب بلوچستان کا صنعتی اور ترقی یافتہ شہرہے لیکن افسوس یہاں کے سیلاب متاثرین یورپی ممالک کے جانوروں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں شاید ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات مصیبت ذدگان کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے کے بجائے انکی ترجیھات میں کچھ اور سرفہرست ہے سردار رند نے سیلاب سے جانبحق ہونے والے سرمستانی قبیلے کے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

قبل ازیں سردار یار محمد رند نے گوٹھ حاجی چھتہ خان رند دورے کے موقع پر رند قبیلے کی سرکردہ شخصیت حاجی وزیر خان رند کی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور انکے اعزاز میں رند قبائل کی جانب سے دی گئی ظہرانے میں شرکت کی ،

رند قبائل کے سینکڑوں افراد نے گوٹھ آمد پر ان کا تاریخی استقبال کیا اور حب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر پی ٹی آئی ورکرز کے ساتھ رند قبیلے کے افراد بھی سردار یار محمد رند کے ہمراہ رہے ۔