کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے کی اجلاس کی کارروائی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے چلائی جس میں بلوچستان ، ملکی و بین الاقوامی سیاسی صورتحال ، پارٹی تنظیمی کاری سے متعلق سیر حاصل بحث کی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کے ابتداء میں پارٹی کے مرکزی رہنماء شہید ملک نوید دہوار اور شہید ظریف دہوار کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا شہداء کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے اجلاس میں این اے260کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کو ووٹ ملنا ہماری سیاسی و اخلاقی جیت ہے بلوچ ، ہزارہ ، پشتونوں کے پذیرائی حوصلہ افزاء ہے اس سے یہ امر واضح ہو گیا ہے کہ بلوچستان کے عوام پارٹی کے ساتھ قربت رکھتے ہیں ۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ساحل وسائل پر حق ملکیت اور حق حاکمیت و اختیار کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا قومی و جمہوری انداز میں عوامی سوچ و فکر کو پروان چڑھاتے ہوئے پارٹی جدوجہد کو جدید بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے ثابت قدمی ، مستقل مزاجی کے ذریعے پارٹی بلوچستان کے جملہ مسائل کے حل کیلئے اصولی و عملی جدوجہد پر یقین رکھتے ہوئے اپنی سیاسی و نظریاتی نقطہ نگاہ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوام کے اجتماعی و قومی مفادات کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرتے ہوئے بلوچستان کے معاشرے میں ترقی پسند ، روشن خیال قوم دوستی ، وطن دوستی کے مثبت خیالات و افکار کو آگے بڑھاتے ہوئے جدوجہد کا اعادہ کیا گیا ۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی بلوچوں کی تاریخ ، تہذیب ، تمدن ، عوام کے اجتماعی سرزمین کی بقاء سلامتی کی جدوجہد کو یقینی بنائیں گے اس حوالے سے قومی جمہوری پارلیمانی سیاست کے ذریعے بلوچستان کے اہم معاملات جن میں لاپتہ افراد کی بازیابی ، ماورائے قتل وغارت گری ، انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے اپنا سیاسی و اخلاقی و عملی کردار ادا کرنے کی جدوجہد پر زور دیا گیا ۔
پارٹی سی پیک کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور غیر متزلزل ہے ہماری بلوچستان کے میگا پروجیکٹس ہیں ان کا اختیار بلوچستان کو دیا جائے تاکہ عوام کو یقین ہو کہ میگا پروجیکٹس اور ساحل وسائل کی ترقی و خوشحالی ہمارے لئے ہے سیاسی و اخلاقی اور آئین کے روح کے بھی حکمران و ارباب اختیار کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بلوچستان کے میگا پروجیکٹس پر اولین گوادر مکران اور بلوچستانیوں کا تسلیم کریں ہم چاہتے ہیں کہ فوری طور پر قانون سازی کی جائے ۔
ہماری ہزاروں سالوں پر محیط تاریخ ، تہذیب و تمدن ملیامیٹ نہ ہو اس قانون سازی کے ذریعے گوادر میں کسی غیر کے شناختی کارڈ کا اجراء ووٹر لسٹوں میں اندراج کی ممانعت ہونی چاہئے گوادر کے عوام کو صاف پانی ، بجلی ، ہنر مندی کے مراکز ، روزگار اور میگا پروجیکٹس میں سب سے پہلے گوادر و مکران کے بلوچوں کو روزگار فراہم کی جائے انسانی بنیادی ضروریات ، تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ہزاروں سالوں سے جو بلوچ ماہی گیر آباد ہیں اور اسی شعبے سے وابستہ ہیں ان کے لئے فوری طور پر جی ٹی کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ گوادر کے ماہی گیر بھوک ، افلاس اور نان شبینہ کے محتاج نہ رہیں اور خوشحال زندگی گزار سکیں ۔
اجلاس میں کہا گیا کہ سیندک ، ریکوڈک اور بلوچستان کے دیگر وسائل ہمارے وسائل ہیں ان پر ہمارے حق ملکیت و اختیار کو تسلیم کیا جائے واک و اختیار آئینی طور پر ہمارا حق ہے جو ہمیں دی جائے
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس پر پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور مکمل طور پر جمہوری اداروں اور جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتی ہے اور کسی کو بھی یہ اختیار نہیں کہ وہ غیر جمہوری عمل کے ذریعے جمہوری اداروں کو کمزور کرے اور جمہوریت کے خلاف اقدام کرے اس عمل کی بھرپور مخالفت کی جائے گی ۔
پارٹی سیاست میں کرپشن ، اقرباء پروری ، کرپشن سیکنڈل میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے احتساب کا عمل صاف شفاف و غیر جانبدار ہونا چاہئے کسی ایک فرد ، جماعت کیخلاف نہیں بلکہ احتساب کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات اور رجحت پسندی ، توسیع پسندی ، لسانی تعصب ، فرقہ واریت کے خلاف ہے معاشرے میں انتہاء پسندی جیسے منفی رجحانات کے حوصلہ شکنی کر کے ایک کی بیخ کنی کی جائے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ عدم مداخلت کی پالیسی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی تنظیمی امور کے حوالے سے از سر نو تنظیم کاری کا مرحلہ فوری طور پر شروع کیا جائے گا ۔
اس حوالے سے ضلعوں و تحصیلوں کے پارٹی انتخابات عمل میں لائے جائیں گے ممبر سازی مہم میں عوام کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا کیونکہ پارٹی سمجھتی ہے کہ عوام کے ساتھ قربت ، قریبی تعلق استوار کرنا ان کے وسیع تر مفادات کے خاطر جملہ مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے تمام اضلاع کے صدور ، جنرل سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے میں اپنا سیاسی کردار ادا کریں کیونکہ بلوچستان کی قومی جدوجہد اور جملہ مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ پارٹی کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے اور عوام کی امنگوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی جاری رکھی جائے گی اس حوالے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی تاکہ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تنظیم دوروں کو یقینی بنا کر عوام کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دیں ۔
اجلاس میں کہا گیا کہ حالیہ ضمنی انتخاب میں پارٹی اے این پی ، ایچ ڈی پی ، بی این پی (عوامی ) ، جمعیت علمائے اسلام پاکستان نورانی و دیگر قبائلی و سیاسی عمائدین کی مشکور ہے کہ انہوں نے موجودہ گھمبیر صورتحال میں بھی بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دے کر اتنا بڑا عوامی مینڈیٹ دیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں پارٹی مستقبل میں بھی ترقی پسند ، روشن خیال جماعتوں کو یکجا کر کے متحد و منظم انداز میں جدوجہد کرنے کی خواہاں ہے ہم یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں قومی جمہوری سیاسی جماعتوں کو یکجا کر کے جدوجہد کرنے پر یقین رکھتی ہے مستقبل کیلئے بھی متحد ہو کر جدوجہد وقت و حالات کی ضرورت ہے ۔