|

وقتِ اشاعت :   July 21 – 2017

حب : ڈی جی ماحولیات کے احکامات کی روشنی میں لسبیلہ انتظامیہ اور ای پی اے کی ٹیم کا انوائرمنٹ ہیلتھ اینڈسیفٹی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسٹیل ملز کے خلاف جمعرات کے روز کاروائی عمل میں لائی گئی ، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مجیب الرحمان قمبرانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے انجینئر محمد خان اوتمانخیل نے ٹیم کے ہمراہ حب اسٹیل ملز کا دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر ای پی اے ریجنل آفس لسبیلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ڈپٹی کمشنر کو فیکٹری مالک کی جانب سے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر جاری کئے گئے پانچ لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس اور دیگر ریکارڈ پیش کئے ،

ڈپٹی کمشنر نے فیکریٹری میں کام کرنے والے محنت کشوں کوانوائرمنٹ ہیلتھ اور سیفٹی کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری زون میں کام کرنے والے فیکٹریز حکومتی قواعد وضوابط کے پابند ہیں کسی بھی صورت قواعد وضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

گڈا نی شپ بریکنگ یارڈ میں سانحہ پیش آنے کے بعد حکومت بلوچستان کی جانب سے اقدامات اٹھائے جانے پر صنعت بہتری اور ترقی کی جانب گامزن ہوگئی ہے انشاء اللہ لسبیلہ انڈسٹریل زون میں بھی واقع صنعتوں میں بہتری لائیں گے ،ڈپٹی کمشنر نے دورے کے موقع پر 15سال سے کم عمر بچوں سے فیکریٹری مالک کی جانب سے مشقت لینے کا ایکشن لیتے ہوئے فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے۔

ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کیپٹن ریٹائرڈ محمد طارق زہری کے جاری کردہ احکاما ت کے تحت ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کی موجودگی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر محمد خان اوتمانخیل نے حب اسٹیل مل کو سیل کردیا ہے

ڈپٹی کمشنر نے ای پی اے لسبیلہ کے ٹیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینا ن کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں ای پی اے لسبیلہ کی ٹیم نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل تحسین ہیں ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لسبیلہ انتظامیہ اور ای پی اے کی ٹیم مشترکہ طورپر ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے اور صنعتی آلودگی پھیلانے کیخلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے ۔